ناگپور،30؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا) انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے کہا کہ جو روٹ کو میچ کے فیصلہ کن لمحات میں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے کے امپائر کے فیصلے کی وجہ سے انہیں ہندوستان کے خلاف دوسرا ٹی 20 میچ گنوانا پڑا اور وہ آئی سی سی میچ ریفری کے سامنے یہ مسئلہ اٹھائیں گے۔امپائر سی شمس الدین نے روٹ کو آخری اوور میں جسپریت بمرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ دیا جبکہ گیند بیٹ سے لگی تھی۔مورگن نے کہا کہ ہم اس فیصلے سے کافی ناراض ہیں، اس 20 ویں اوور میں میچ کا پانسہ پلٹ گیا، ایسے بلے باز کا وکٹ گنوانا جو 40 گیند کھیل چکا ہے، ٹیم کے لیے مہلک ثابت ہوا کیونکہ اس وقت وکٹ کافی سست ہو چکا تھا۔ انہوں نے کہاکہ کئی فیصلے ہمارے حق میں نہیں گئے، ہم وہ میچ جیت سکتے تھے لیکن نہیں جیت سکے جس سے کافی مایوسی ہے، ہمارے پاس اگلے میچ کے ذریعے واپسی کا موقع ہے لیکن ہم نے میچ ریفری کے ذریعے رائے میں اپنی رائے دے دی ہے۔ انہوں نے اس بات سے بھی انکار کیا کہ کریز پر جمنے کے بعد وہ خراب شاٹ کھیل کر آؤٹ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ مجھے ایسا نہیں لگتا، میں نے اچھا کھیلا، ہم نے ہندوستان کے دوستانہ وکٹ پر عمدہ گیند بازی کی، ہم میچ میں آخر تک بنے ہوئے تھے اور میچ جیت سکتے تھے۔